٭ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی ہمشیرہ حضرت اسماء رضی اللہ عنہا نے عرض کیا: ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم! میرے پاس کوئی چیز نہیں ہے، بجز اس کے جو (میرے خاوند) حضرت زبیر (رضی اللہ عنہٗ) مجھے دے دیں۔ کیا میں اس میں سے خرچ کر لیا کروں؟‘‘ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایاـ: ’’خوب خرچ کیا کرو، باندھ کر نہ رکھو کہ تم پر بھی بندش کر دی جائے گی۔‘‘ (کنز العمال)
اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال نہ خرچ کرنے پر وعید
اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ نہ کرنے اور بخل پر اللہ تعالیٰ نے سخت وعید فرمائی ہے۔ قرآنِ مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
وَ لَا یَحۡسَبَنَّ الَّذِیۡنَ یَبۡخَلُوۡنَ بِمَاۤ اٰتٰہُمُ اللّٰہُ مِنۡ فَضۡلِہٖ ہُوَ خَیۡرًا لَّہُمۡ ؕ بَلۡ ہُوَ شَرٌّ لَّہُمۡ ؕ سَیُطَوَّقُوۡنَ مَا بَخِلُوۡا بِہٖ یَوۡمَ الۡقِیٰمَۃِ ؕ (آلِ عمران۔ 180)
ترجمہ: اور جو بخل کرتے ہیں اس چیز میں سے دینے میں جو اللہ نے انہیں اپنے فضل سے دی ہے، اسے ہرگز اپنے لیے اچھا نہ سمجھیں بلکہ وہ ان کے لیے بُرا ہے۔ عنقریب وہ مال جس میں انہوں نے بخل کیا تھا (اور راہِ خدا میں خرچ نہیں کیا تھا) قیامت کے دن ان کے گلے میں طوق ہو گا۔
اِنَّ اللّٰہَ لَا یُحِبُّ مَنۡ کَانَ مُخۡتَالًا فَخُوۡرَا ﴿ۙ۳۶﴾ الَّذِیۡنَ یَبۡخَلُوۡنَ وَ یَاۡمُرُوۡنَ النَّاسَ بِالۡبُخۡلِ وَ یَکۡتُمُوۡنَ مَاۤ اٰتٰہُمُ اللّٰہُ مِنۡ فَضۡلِہٖ ؕ وَ اَعۡتَدۡنَا لِلۡکٰفِرِیۡنَ عَذَابًا مُّہِیۡنًا ﴿ۚ۳۷﴾ (النسا۔36,37)
ترجمہ: بے شک اللہ کو پسند نہیں آتا کوئی اترانے والا اور بڑائی مارنے والا، جو خود بھی بخل کرے اور دوسروں کو بھی بخل کا سبق دے۔ اور اللہ نے جو اسے اپنے فضل سے دیا ہے اسے چھپائے اور کافروں کے لیے ہم نے ذلت آمیز عذاب تیار کر رکھا ہے۔
وَالَّذِیْنَ یَکْنِزُوْنَ الذَّھَبَ وَالْفِضَّۃَ وَلَایُنْفِقُوْنَھَا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ لا فَبَشِّرْھُمْ بِعَذَابٍ اَلِیْمٍoلا یَّوْمَ یُحْمٰی عَلَیْھَا فِیْ نَارِ جَھَنَّمَ فَتُکْوٰی بِھَا جِبَاھُھُمْ وَجُنُوبُھُمْ وَظُہُوْرُھُمْ ط ھٰذَا مَا کَنَزْتُمْ لِاَنْفُسِکُمْ فَذُوْ قُوْا مَا کُنْتُمْ تَکْنِزُوْنَ (التوبہ۔ 34,35)
ترجمہ: اور وہ جو جوڑ کر رکھتے ہیں سونا اور چاندی، اور اسے اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے، انہیں خوشخبری سنا دو درد ناک عذاب کی، جس دن وہ (سونا اور چاندی) تپایا جائے گا جہنم کی آگ میں، پھر اس سے داغی جائیں گی ان کی پیشانیاں، پہلو اور پیٹھیں۔ یہ ہے وہ جسے تم نے اپنے لیے جوڑ رکھا تھا اب مزہ چکھو اپنے جوڑے ہوئے خزانے کا۔
Comments
Post a Comment